رُومیوں15
1ہم جو ایمان میں پُختہ ہیں ہمارا فرض ہے کہ کمزور ایمان والوں کی کمزوریوں کی رعایت کریں نہ کہ اَپنی خُوشی کرتے رہیں۔2ہم میں سے ہر شخص اَپنے پڑوسی کا فائدہ اَور ایمان میں ترقّی کا لِحاظ رکھتے ہویٔے اُسے خُوش رکھے۔3کیونکہ المسیح نے بھی اَپنی خُوشی کا خیال نہ رکھا بَلکہ کِتاب مُقدّس میں یُوں لِکھّا ہے: ”تیرے لَعن طَعن کرنے والوں کے لَعن طَعن مُجھ پر آ پڑے۔“ 4کیونکہ جِتنی باتیں صحیفہ میں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لیٔے لکھی گئیں تاکہ صبر سے اَور کِتاب مُقدّس کی تسلّی سے ہماری اُمّید قائِم رہے۔5اَب صبر اَور تسلّی دینے والا خُدا تُمہیں خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کے مِعیار کے مُطابق آپَس میں یکدل ہوکر رہنے کی تَوفیق بخشے،6تاکہ تُم سَب مِل کر اَور ایک زبان ہوکر ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے باپ یعنی خُدا کی تمجید کرتے رہو۔7جِس طرح المسیح نے خُدا کے جلال کے لیٔے تُمہیں قبُول کر لیا ہے، اِسی طرح تُم بھی ایک دُوسرے کو قبُول کرو۔8میرا کہنا یہ ہے کہ المسیح مختون یہُودیوں کا خادِم بنے تاکہ جو وعدے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے کیٔے تھے اُنہیں پُورا کرکے خُدا کو سچّا ثابت کریں۔9اَور غَیریہُودی بھی اُن کی رحمت کی وجہ خُدا کی تمجید کریں جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے:”اِس لیٔے مَیں غَیریہُودیوں میں تیری حَمد کروں گا؛اَور تیرے نام کے نغمہ گاؤں گا۔“ 10اَور پھر یہ کہا گیا ہے کہ”اَے غَیریہُودیوں! اُس خُدا کی اُمّت کے ساتھ خُوشی مناؤ۔“ 11اَور یہ بھی،”اَے تمام غَیریہُودیوں! خُداوؔند کی حَمد کرو،اَور اَے سَب اُمّتوں! اُن کی سِتائش کرو۔“ 12اَور یَشعیاہ نبی بھی فرماتے ہیں،”یِشائی کی جڑ پھوٹ نکلے گی،یعنی ایک شخص غَیریہُودیوں پر حُکومت کرنے کو اُٹھے گا؛تمام غَیریہُودیوں کی اُمّید اُسی پر قائِم رہے گی۔“ 13کیونکہ تُم ایمان رکھتے ہو اِس لیٔے خُدا جو اُمّید کا سرچشمہ ہے تُمہیں پُورے طور پر خُوشی اَور اِطمینان سے معموُر کر دے تاکہ پاک رُوح کی قُدرت سے تمہاری اُمّید بڑھتی چلی جائے۔