زبُور48urd_oucv

ایک نغمہ، بنی قورحؔ کی تصنیف زبُور۔

1ہمارے خُدا کے شہر میں یعنی اُس کے مُقدّس پہاڑ پر،یَاہوِہ عظیم اَور بےحد قابل سِتائش ہے۔
2ضِفونؔ کی چوٹیوں کی طرح، کوہِ صِیّونؔ،جو عظیم بادشاہ کا شہر ہے،اَپنی شان و شوکت کے لحاظ سے اعلیٰ ہے،اَور سارے جہان کے لیٔے باعثِ مسرّت ہے۔3خُدا اُس کے قلعوں میں پناہ لئے ہُوئے ہیں؛اُنہُوں نے اَپنے آپ کو اُن کی پناہ گاہ ٹھہرایا ہے۔
4جَب بادشاہوں نے اَپنی فَوجیں جمع کیں،اَور مِل کر آگے بڑھے،5تو اُس شہر کو دیکھ کر دنگ رہ گیٔے؛اَور ڈر کے مارے بھاگ نکلے۔6وہاں اُن پر کپکپی طاری ہو گئی،اَور وہ ایک زچّہ کی مانند سخت درد کی سِی تکلیف میں مُبتلا ہو گئے۔7آپ نے اُنہیں ترشیشؔ شہر کے جہازوں کی مانند تباہ کر ڈالا،اَیسی تباہی جو بادِ مشرق لاتی ہے۔
8جَیسا ہم نے سُنا تھا،یعنی اَپنے لشکروں کے یَاہوِہ کے شہر میں،جَیسا ہم نے سُنا تھا،وَیسا ہی ہم نے دیکھاقادرمُطلق یَاہوِہ کے شہر میں، خُدا اُسے ہمیشہ محفوظ رکھےگا۔
9اَے خُدا، ہم نے آپ کے ہیکل کے اَندر،آپ کی لافانی مَحَبّت پر غور کیا۔10اَے خُدا، جَیسا آپ کا نام ہے،وَیسی ہی آپ کی سِتائش زمین کی اِنتہا تک پہُنچتی ہے؛آپ کا داہنا ہاتھ راستی سے معموُر ہے۔11آپ کے فیصلوں کے باعثکوہِ صِیّونؔ مسرُور ہے،اَور یہُوداہؔ کے دیہات خُوش ہیں۔
12صِیّونؔ کے گِرد پھرو، اُس کا طواف کرو،اُس کے بُرجوں کا شُمار کرو،13اُس کی شہرپناہ کو غور سے دیکھو،اُس کے قلعوں پر نظر ڈالو،تاکہ تُم آنے والی پُشتوں کواُن کے متعلّق بتا سکو۔
14کیونکہ یہ خُدا ابدُالآباد تک ہمارا خُدا ہے؛وہ موت تک ہمارا ہادی بنا رہے گا۔