فِلپّیوں3
المسیح میں حقیقی راستبازی
1غرض، میرے بھائیو اَور بہنوں، خُداوؔند میں خُوش رہو! تُمہیں ایک ہی بات دوبارہ لکھنے میں مُجھے تو کچھ دِقّت نہیں، اَور تمہاری اِس میں حِفاظت ہے۔2اُن کُتّوں سے خبردار رہو، اُن بدکرداروں سے اَور اُن سے جو ختنہ کروانے پر زور دیتے ہیں۔3کیونکہ مختون تو ہم ہیں، جو خُدا کے رُوح کی ہدایت سے اُس کی عبادت کرتے ہیں، اَور المسیح یِسوعؔ پر فخر کرتے ہیں اَور جِسم پر بھروسا نہیں کرتے4اگرچہ میں تو جِسم پر بھروسا کر سَکتا ہُوں۔لیکن اگر کویٔی جِسم پر بھروسا کرنے کا خیال کر سَکتا ہے، تو میں اُس سے بھی زِیادہ کر سَکتا ہُوں:5میری پیدائش کے سات دِن بعد آٹھویں دِن میرا ختنہ ہُوا، میں اِسرائیلی قوم اَور بِنیامین کے قبیلہ سے ہُوں، عِبرانیوں کا عِبرانی؛ شَریعت کے اِعتبار سے، میں ایک فرِیسی ہُوں؛6جوش کے اِعتبار سے، جماعت کا ستانے والا؛ شَریعت کی راستبازی کے اِعتبار سے، بے عیب۔7لیکن جو کچھ میرے لیٔے نفع کا باعث تھا، مَیں نے اُسے المسیح کی خاطِر نُقصان سمجھ لیا ہے۔8بَلکہ میں اَپنے خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کی پہچان کو اَپنی بڑی خُوبی سمجھتا ہُوں، جِن کی خاطِر مَیں نے دُوسری تمام چیزوں کا نُقصان اُٹھایا۔ اَور اُن چیزوں کو کُوڑا سمجھتا ہُوں، تاکہ المسیح کو حاصل کرلُوں9اَور المسیح میں پایا جاؤں، لیکن اَپنی شَریعت والی راستبازی کے ساتھ نہیں، بَلکہ اُس راستبازی کے ساتھ جو المسیح پر ایمان لانے سے حاصل ہوتی ہے۔ یہ راستبازی خُدا کی طرف سے ہے اَور ایمان کی بُنیاد پر مَبنی ہے۔10میں یہی چاہتا ہُوں کہ المسیح کو اَور اُن کے جی اُٹھنے کی قُدرت کو جانوں، المسیح کے ساتھ دُکھوں میں شریک ہونے کا تجربہ حاصل کروں، اَور المسیح کی موت سے مُشابَہت پیدا کرلُوں،11تاکہ کسی طرح مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے درجہ تک جا پہُنچوں۔12اِس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اُس مقصد کو پاچُکا ہُوں یا کامِل ہو چُکا ہُوں، بَلکہ میں اُس مقصد کو پانے کے لیٔے دَوڑا چلا جا رہا ہُوں جِس کے لیٔے المسیح یِسوعؔ نے مُجھے پکڑا تھا۔13اَے میرے بھائیو اَور بہنوں! میرا یہ گمان نہیں کہ میں اُسے پاچُکا ہُوں۔ بَلکہ صِرف یہ کہہ سَکتا ہُوں: جو چیزیں پیچھے رہ گئی ہیں اُنہیں بھُول کر آگے کی چیزوں کی طرف بڑھتا جا رہا ہُوں،14اَور تیزی سے نِشانہ کی جانِب دَوڑا چلا جاتا ہُوں تاکہ وہ اِنعام حاصل کرلُوں جِس کے لیٔے خُدا نے مُجھے المسیح یِسوعؔ میں اُوپر آسمان پر بُلایا ہے۔