1نینوہؔ کی بابت نبُوّت۔ ناحُومؔ القوشی کی رُویا کی کِتاب۔
نینوہؔ کے خِلاف یَاہوِہ کا قہر
2یَاہوِہ غیّور ہیں اَور اِنتقام لینے والے خُدا ہیں؛یَاہوِہ اِنتقام لیتے ہیں اَور غضب سے معموُر ہیں۔یَاہوِہ اَپنے مُخالفوں سے اِنتقام لیتے ہیںاَور اَپنے دُشمنوں کے خِلاف اَپنے قہر کو نازل کرتے ہیں۔3یَاہوِہ قہر کرنے میں دھیمے اَور قُوّت میں غنی ہیں؛یَاہوِہ مُجرم کو بے سزا نہ چھوڑیں گے۔اُن کی راہ بگُولہ اَور گِردباد میں سے ہوکر گُزرتی ہےاَور بادل اُن کے پاؤں کی گَرد ہیں۔4وہ سمُندر کو ڈانٹتے ہیں اَور اُسے سُکھا دیتے ہیں؛وہ سَب دریاؤں کو سُکھا دیتے ہیں۔باشانؔ اَور کرمِلؔ سُوکھ جاتے ہیںاَور لبانونؔ کی کونپلیں مُرجھا جاتی ہیں۔5اُن کے سامنے پہاڑ کانپتے ہیںاَور ٹیلے پگھل جاتے ہیں۔اُن کے سامنے تمام دُنیااَور اُن میں رہنے والے تھرتھراتے ہیں۔6اُن کے قہر کا سامنا کون کر سکتا ہے؟اَور کون اُن کے ہیبت ناک غضب کو برداشت کر سَکتا ہے؟اُن کا غُصّہ آگ کی طرح نازل ہوتاہے؛اُن کے سامنے چٹّانیں لرز جاتی ہیں۔7یَاہوِہ بھلےہیں اَور،مُصیبت میں پناہ گاہ ہیں۔جو اُن پر توکّل رکھتے ہیں، وہ اُن کی فکر کرتے ہیں،8لیکن وہ ایک بڑے سیلاب سےنینوہؔ کو تباہ کر دیں گے؛وہ اَپنے دُشمنوں کو تاریکی میں کھدیڑ دیں گے۔9یَاہوِہ کے خِلاف جو بھی منصُوبہ باندھیں گےوہ اُسے مٹا دیں گے؛مُصیبت دوبارہ نہ آئے گی۔10کیونکہ چاہے اُن کے دُشمن اُلجھے ہُوئے کانٹوں کی مانند پیچیدہاَور اَپنی مَے سے متوالے ہوں؛تَو بھی وہ سُوکھنے کھونٹوں کی طرح جَل کر بھسم ہو جایٔیں گے۔11اَے نینوہؔ، تُجھ میں سے ایک شخص نِکلا ہے،جو یَاہوِہ کے خِلاف بُرے منصُوبہ باندھتا ہےاَور بُرائی کی سازش کرتا ہے۔12یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:اگرچہ اُن کے مددگار بے شُمار ہیں،تو بھی وہ نِیست و نابود کر دئیے جایٔیں گے اَور وہ مِٹ جایٔیں گے۔اَے یہُوداہؔ، اگرچہ مَیں نے تُجھے بہت ستایا ہے،تو بھی پھر کبھی مَیں تُجھے اَور دُکھ نہ دُوں گا۔13اَب مَیں تمہاری گردن پر رکھے اُن کا جُوا توڑ ڈالُوں گااَور تمہاری بِیڑیوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دُوں گا۔14اَے نینوہؔ، تمہاری بابت یَاہوِہ نے ایک حُکم دیا ہے،تمہاری نَسل باقی نہ رہے گی،میں تمہاری کھودی ہُوئی مورتوں اَور ڈھالے ہُوئے بُتوں کوجو تمہارے معبُودوں کے بُت خانوں میں رکھی ہیں، تباہ کر دُوں گا۔چونکہ تُو نکمّا ہے،اِس لئے میں تمہاری قبر کھودوں گا۔15اُن پہاڑوں کی طرف نظر اُٹھاکر،اُس کے پاؤں کو دیکھ جو خُوشخبری لاتا،اَور سلامتی کا اعلان کرتا ہے!اَے یہُوداہؔ، اَپنی عیدیں منا،اَور اَپنی مَنّتیں پُوری کر۔کیونکہ پھر بدکار تُجھ پر حملہ نہ کریں گے؛کیونکہ وہ مُکمّل طور سے فنا کر دئیے جایٔیں گے۔