اَحبار22
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا،2”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو کہ وہ اُن مُقدّس قُربانیوں کا جو بنی اِسرائیل میرے لیٔے مخصُوص کرتے ہیں اُن کا اِحترام کیا کریں، تاکہ وہ میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کرنے پائیں کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔3”اَور اُن سے فرما، ’تمہاری ساری پُشت در پُشت میں جو کویٔی ناپاکی کی حالت میں اُن مُقدّس قُربانیوں کے قریب آئے، جنہیں بنی اِسرائیل مُجھے نذر کرنے کو میرے حُضُور لائیں گے، تو یہ لازِم ہوگا کہ وہ شخص میرے حُضُور سے ہمیشہ کے لیٔے خارج کر دیاجایٔے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔4” ’اگر اَہرونؔ کی نَسل میں سے کسی کو جِلدی کوڑھ کی بیماری ہو یا اُسے کسی جریان کا مرض ہو، تو وہ تَب تک مُقدّس قُربانیوں کو نہ کھائے جَب تک وہ پاک نہ ہو جائے۔ اَور اگر وہ کسی لاش کو چھُوئے یا نطفہ خارج ہونے کا مریض ہو، تَب بھی وہ ناپاک ہوگا،5یا اگر وہ کسی رینگنے والے ناپاک جاندار کو چھُونے کی وجہ سے ناپاک ہو جایٔے، یا کسی اَیسے شخص کو چھُوئے جِس کے چھُونے سے وہ ناپاک ہو سَکتا ہو، خواہ اُس کی ناپاکی کسی بھی قِسم کی ہو۔6جو کویٔی کسی اَیسی چیز کو چھُوئے تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اَور وہ مُقدّس قُربانیوں میں سے کسی چیز کو تَب تک نہ کھائے جَب تک وہ پانی سے غُسل نہ کر لے۔7اَور جَب آفتاب غروب ہو جائے گا تَب وہ پاک ٹھہرے گا۔ اِس کے بعد پھر وہ اُن مُقدّس قُربانیوں کو کھا سَکتا ہے کیونکہ یہ اُس کی خُوراک ہے۔8اَور وہ کسی مُردار جانور یا جنگلی جانوروں کے پھاڑے ہویٔے جانور کو ہرگز نہ کھائے تاکہ اُن کے باعث وہ ناپاک ہو جائے کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔9” ’کاہِنؔ میرے قوانین کو مانیں تاکہ وہ مُجرم نہ ٹھہریں اَور اُن کی بےحُرمتی کرنے کے باعث فنا نہ ہو جایٔیں۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُنہیں مُقدّس کرتا ہُوں۔10” ’اَور کاہِنؔ کے خاندان سے باہر کا کویٔی بھی شخص اُس مُقدّس قُربانی کو نہ کھائے اَور نہ ہی کاہِنؔ کا مہمان یا اُس کا کویٔی مزدُور اُسے کھائے۔11لیکن اگر کویٔی کاہِنؔ قیمت دے کر کسی غُلام کو خریدے یا کویٔی غُلام اُس کے گھر میں پیدا ہُوا ہو، تو وہ اُس کے کھانے میں سے کھا سَکتا ہے۔12اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی کسی کاہِنؔ کے علاوہ کسی اَور سے شادی کر لے تو وہ مُقدّس قُربانیوں کی نذروں میں سے کسی کو نہ کھائے۔13لیکن اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی بِیوہ ہو جائے یا اُس کی طلاق ہو جایٔے اَور وہ جَوانی میں ہی بے اَولاد کی حالت میں اَپنے باپ کے گھر واپس آکر رہنے لگے، تو وہ اَپنے باپ کے کھانے میں سے کھا سکتی ہے۔ لیکن کویٔی شخص جو کاہِنؔ کے خاندان سے نہ ہو اُسے نہ کھائے۔14” ’اَور اگر کویٔی شخص نادانستہ کسی مُقدّس قُربانی میں سے کھائے تو وہ اُس کی قیمت کے پانچویں حِصّہ کے ساتھ اُس مُقدّس قُربانی کا مُعاوضہ کاہِنؔ کو لَوٹا دے۔15اَور کاہِنؔ اُن پاک قُربانیوں کو جو بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرتے ہیں اُن کی بےحُرمتی نہ کریں۔16اَور اِس طرح اُن کی مُقدّس قُربانیوں کو کھانے کے خطا کے باعث مُجرم نہ ٹھہرے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُن کو مُقدّس کرنے والا ہُوں۔‘ “