یرمیاہؔ40
یرمیاہؔ کی آزادی
1جَب شاہی پہرےداروں کے سردار نبوزرادانؔ نے یرمیاہؔ کو یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کے تمام اسیروں کے درمیان زنجیروں سے جکڑا ہُوا دیکھا جنہیں جَلاوطن ہوکر یروشلیمؔ سے بابیل لے جایا جا رہاتھا، تَب اُس نے یرمیاہؔ کو رامہؔ میں آزاد کر دیا، تَب اُس وقت یَاہوِہ کا یہ کلام اُس پر نازل ہُوا۔2جَب پہرےداروں کا سردار یرمیاہؔ سے مِلا تو اُس نے کہا، ”یَاہوِہ تمہارے خُدا نے یہ مُصیبت اِس جگہ پر مُقرّر کی تھی۔3اِس لئے اَب یَاہوِہ نے اُسے نازل کیا ہے۔ اُنہُوں نے ٹھیک اَپنے قول کے مُطابق کیا۔ کیونکہ تُم لوگوں نے یَاہوِہ کے خِلاف گُناہ کیا اَور اُن کا حُکم نہ مانا۔4لیکن آج مَیں تُمہیں اِن ہتھکڑیوں سے جو تمہارے ہاتھوں میں ہیں رِہائی دیتا ہُوں۔ اگر تُم چاہو تو میرے ساتھ بابیل چلو اَور مَیں تمہاری دیکھ بھال کروں گا۔ لیکن اگر تُم نہ جانا چاہو تو تمہاری مرضی۔ سارا مُلک تمہارے سامنے ہے۔ جہاں تمہاری مرضی چاہے وہاں تُم جا سکتے ہو۔“5اِس سے قبل کہ یرمیاہؔ جانے کے لیٔے مُڑتا، نبوزرادانؔ نے کہا، ”گِدلیاہؔ بِن احیقامؔ بِن شافانؔ کے پاس واپس چلے جاؤ جسے شاہِ بابیل نے یہُودیؔہ کے شہروں کے اُوپر حُکمران مُقرّر کیا ہے اَور لوگوں کے درمیان اُس کے پاس رہ یا پھر اَپنی مرضی سے کہیں اَور چلے جاؤ۔“تَب سردار نے اُسے توشہ سفر اَور اِنعام دے کر روانہ کیا۔6تَب یرمیاہؔ گِدلیاہؔ بِن احیقامؔ کے پاس مِصفاہؔ کو چلا گیا اَور وہاں وہ اُس کے ساتھ اُن لوگوں کے درمیان رہنے لگا جو مُلک میں بچے رہ گیٔے تھے۔