یَشعیاہ41urd_oucv

اِسرائیل کا مددگار

1”اَے جزیروں، میرے حُضُور خاموش رہو!قوموں کو اَز سرِ نَو قُوّت حاصل کرنے دو!اُنہیں آگے آکر بولنے دو؛آؤ ہم عدالت کی جگہ اِکٹھّے ہوکر ملیں۔
2”کس نے اُسے مشرق سے اُکسایا،جسے وہ راستی سے اَپنی خدمت میں بُلاتے ہیں؟وہ قوموں کو اُس کے حوالہ کرتے ہیںاَور بادشاہوں کو اُن کے زیرِ فرمان کرتے ہیں۔اَپنی تلوار سے وہ اُنہیں خاک کی طرح،اَور اَپنی کمان سے اُنہیں اُڑتے ہُوئے بھُوسے کی مانند کر دیتے ہیں۔3وہ اُن کا تعاقب کرتے ہیں،اَور اَیسی راہ سے جِس پر اُس نے پہلے قدم نہ رکھا تھا، بغیر زخموں سلامتی کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔4یہ کس نے کیا ہے اَور اُسے کس نے آگے بڑھایا ہے،شروع سے ہی نَسلوں کو آگے بڑھایا ہے؟مَیں، اُن میں اوّلاَور آخِر، مَیں وُہی یَاہوِہ ہُوں۔“
5جزیروں نے اُسے دیکھ لیا اَور وہ خوفزدہ ہیں؛ساری زمین پر کپکپی طاری ہے۔وہ بڑھ کر سامنے چلے آتے ہیں؛6وہ ایک دُوسرے کی مدد کرتے ہیںاَور ہر بھایٔی اَپنے بھایٔی سے کہتاہے، ”حوصلہ رکھ!“7دستکار سُنار کی ہمّت اَفزائی کرتا ہے،اَور وہ جو ہتھوڑے سے ہموار کرتا ہےدھات کے ڈھالنے والے کو یہ کہہ کر ہمّت دِلاتا ہے،”بہت اَچھّا ہے۔“پھر وہ میخیں ٹھونک کر بُت کو مضبُوط کر دیتاہےتاکہ وہ ڈگمگا کر گِرنے نہ پایٔے۔
8”پر تُم، اَے اِسرائیل، میرے خادِم،اَے یعقوب، جسے مَیں نے چُنا،میرے دوست اَبراہامؔ کی نَسل سے ہے،9مَیں نے تُجھے زمین کی اِنتہا سے طلب کیا،اَور اُس کے دُور دراز کے کونوں سے بُلایا۔اَور کہا، ’تُو میرا خادِم ہے‘؛مَیں نے تُجھے چُن لیا اَور مُسترد نہیں کیا۔10اِس لیٔے تُو ڈر مت، کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں؛ہِراساں مت ہو، کیونکہ مَیں تیرا خُدا ہُوں۔مَیں تُجھے تقویّت دُوں گا اَور تیری مدد کروں گا؛اَور اَپنی صداقت کے داہنے ہاتھ سے تُجھے سنبھالے رہُوں گا۔
11”وہ سَب جو تُجھ پر غضبناک ہیںیقیناً پشیمان اَور رُسوا ہوں گے؛جو تیری مُخالفت کرتے ہیںناچیز ہوں گے اَور مِٹ جایٔیں گے۔12حالانکہ تُو اَپنے دُشمنوں کو ڈھونڈے گا،تُو اُنہیں نہیں پایٔےگا۔جو تُجھ سے جنگ کرتے ہیںوہ ناچیز ہوکر مِٹ جایٔیں گے۔13کیونکہ مَیں یَاہوِہ، تیرا خُدا ہُوں،جو تیرا داہنا ہاتھ تھامتا ہےاَور تُجھ سے کہتاہے، ڈر مت؛مَیں تیری مدد کروں گا۔14اَے کیڑے یعقوب ڈر مت،اَور اَے چُھوٹی سِی جماعت اِسرائیل ڈر مت،کیونکہ مَیں خُود ہی تیری مدد کروں گا،“یَاہوِہ فرماتے ہیں تیرا نَجات دِہندہ جو اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔15دیکھ، مَیں تُجھے ایک نیا تیز اَور دندانہ دارگاہنے کا اوزار بناؤں گا۔تُو پہاڑوں کو کُوٹ کر ریزہ ریزہ کرےگا،اَور پہاڑیوں کو بھُوسے کی مانند بنادے گا۔16تُو اُنہیں پھٹکے گا اَور ایک تُند ہَوا اُنہیں اُڑا لے جائے گی،اَور بگُولہ اُنہیں تِتّر بِتّر کر دے گا۔لیکن تُو یَاہوِہ میں شادمان ہوگااَور اِسرائیل کے قُدُّوس پر فخر کرےگا۔
17”مسکین اَور مُحتاج پانی کی کھوج میں ہیں،پر وہ ملتا نہیں؛اُن کی زبانیں پیاس سے خشک ہو چُکی ہیں۔لیکن مَیں یَاہوِہ اُن کی سُنوں گا؛میں اِسرائیل کا خُدا اُنہیں ترک نہ کروں گا۔18میں بنجر ٹیلوں پر ندیاں بہاؤں گا،اَور وادیوں میں چشمے جاری کروں گا۔میں صحرا کو پانی کے تالاب میںاَور خشک زمین کو چشموں میں بدل دُوں گا۔19میں بنجر زمین میںدیودار اَور کیکر اَور مہندی اَور زَیتُون کے درخت اُگاؤں گا۔اَور صحرا میں چیڑاَور سَرو اَور صنوبر اِکٹھّے لگاؤں گا،20تاکہ لوگ دیکھیں اَور جانیں،غور کریں اَور سمجھیں،کہ یہ یَاہوِہ کے ہاتھ کا کام ہے،اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا اِنتظام ہے۔
21”اَپنا مُقدّمہ پیش کرو،“یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے،”اَپنی دلیلیں واضح کرو۔“یہ یعقوب کے بادشاہ کا فرمان ہے۔22”اَپنے بُتوں کو لاؤ تاکہ وہ ہمیں بتائیںکہ کیا ہونے والا ہے۔ہمیں بتائیں کہ پہلی چیزیں کیا تھیں،تاکہ ہم اُن پر غور کریںاَور اُن کا اَنجام جانیں۔یا آئندہ کو ہونے والی باتوں سے ہمیں آگاہ کرو،23ہمیں بتاؤ کہ آئندہ کیا ہوگا،تاکہ ہم جانیں کہ تُم معبُود ہو۔چاہے بھلا یا بُرا، کچھ تو کروتاکہ ہم سَب اُسے دیکھ کر ڈر جایٔیں۔24لیکن تُم تو خُود بھی نکمّے ہواَور تمہارے کام بھی بالکُل فُضول ہیں؛اَورجو تُمہیں پسند کرتا ہے وہ مکرُوہ ہے۔
25”مَیں نے شمال سے ایک کو اُکسایا ہے اَور وہ آ بھی پہُنچا۔وہ آفتاب کے مطلع (مشرق) سے آیا ہے اَور میرا نام لیتا ہے۔جِس طرح کُمہار گیلی مٹّی کو روندتا ہے،اُسی طرح وہ حُکمرانوں کو گارے کی مانند روندتا ہے۔26کس نے یہ بات پہلے سے بتا دی تھی تاکہ ہم جان لیں،کس نے پہلے سے یہ آشکار کر دیا تھا تاکہ ہم کہہ سکیں ’وہ سچ کہہ رہاتھا‘؟لیکن کویٔی خبر دینے والا نہیں،کویٔی سُنانے والا نہیں،کویٔی نہیں تھا جو تمہاری باتیں سُنتا۔27میں ہی نے پہلے صِیّونؔ سے کہا: ’دیکھ، اُن باتوں کو ہوتا دیکھ!‘مَیں نے یروشلیمؔ کو ایک مُبشَّر بخشا جو خُوشخبری دیں۔28لیکن مَیں نے دیکھا تو وہاں کسی کو نہ پایا۔اُن کے معبُودوں میں مُشیر تو کویٔی بھی نہیں تھا،نہ ہی کویٔی ہے جو پُوچھنے پر جَواب دے سکے۔29دیکھ وہ سَب جھُوٹے ہیں!اُن کے کام ہیچ ہیں؛اَور اُن کے ڈھالے ہُوئے بُت صرف ہَوا اَور الجھن ہیں۔