عزرا6
داریاویشؔ بادشاہ کا فرمان
1تَب داریاویشؔ بادشاہ نے فرمان جاری کیا کہ بابیل کے خزانہ میں رکھی ہُوئی تاریخی دستاویزوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔2آخِر مِدائی کے صُوبہ میں واقع اکبتاناؔ کے محل میں ایک طُومار مِلا جِس میں یہ لِکھّا تھا: یادداشت خط:3شاہِ خورشؔ کے دَورِ حُکومت کے پہلے سال میں بادشاہ نے یروشلیمؔ میں خُدا کے ہیکل کے متعلّق فرمان جاری کیا:ہیکل کو دوبارہ تعمیر کیا جائے تاکہ اُس جگہ قُربانیاں چڑھائی جایٔیں اَور اُس کی بُنیادیں رکھی جایٔیں۔ اُس کی اُونچائی ساٹھ ہاتھ اَور چوڑائی ساٹھ ہاتھ ہو۔4اَور اُس کے تین ردّے بڑے بڑے پتّھروں کے اَور ایک ردّہ عمارتی لکڑی کے شہتیروں کا ہو۔ خرچ شاہی خزانہ سے اَدا کیا جائے۔5خُدا کے گھر کے سونے اَور چاندی کے ظروف جنہیں نبوکدنضرؔ یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر سے نکال کر بابیل لے گیا تھا واپس کئے جایٔیں اَور یروشلیمؔ کے خُدا کے گھر میں اَپنی اَپنی جگہ پہُنچائے جایٔیں۔ یعنی خُدا کے گھر میں رکھے جایٔیں۔6لہٰذا اَے تتّنیؔ دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم اَور شتھر بوزنئی اَور اُس صُوبہ میں اُن کے دُوسرے عہدیدار! اُس مقام سے دُور رہو۔7خُدا کے گھر کے کام میں مداخلت مت کرو۔ یہُودیوں کے حاکم کو اَور اُن کے بُزرگوں کو خُدا کے گھر کو اُس کی سابقہ جگہ پر تعمیر کرنے دو۔8علاوہ اَزیں خُدا کا یہ گھر تعمیر کرنے میں تُم نے یہُودیوں کے بُزرگوں کے لیٔے کیا کچھ کرناہے میں اُس کے لیٔے حُکم دیتا ہُوں: اِن آدمیوں کے تمام اخراجات شاہی خزانہ سے یعنی دریائے فراتؔ کے پار کے خراج میں سے اَدا کئے جایٔیں تاکہ کام نہ رُکے۔9اَور آسمان کے خُدا کی سوختنی نذریں چڑھانے کے لئے جو کچھ بھی درکار ہو یعنی بچھڑے، مینڈھے اَور نر برّے اَور گیہُوں، نمک، مَے اَور تیل وغیرہ جِس کی یروشلیمؔ کے کاہِنؔ فرمائش کریں وہ اُنہیں ہر روز بلاناغہ مُہیّا کیا جائے10تاکہ وہ آسمان کے خُدا کی رضا جوئی کے لیٔے قُربانیاں چڑھائیں اَور بادشاہ اَور اُس کے بیٹوں کی فلاح و بہبُود کے لیٔے دعا کریں۔11مزید برآں میں حُکم دیتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس فرمان کو بدلے تو اُس کے مکان کا شہتیر نکال لیا جائے اَور اُسے اُسی کے اُوپر میخیں ٹھونک کر لٹکا دیا جائے اَور اُس جُرم کی وجہ سے اُس کا مکان کوڑے کرکٹ کا ڈھیر بنا دیا جائے۔12جو بھی بادشاہ یا لوگ اِس فرمان کو بدلنے یا یروشلیمؔ میں اِس ہیکل کو تباہ کرنے کے لیٔے ہاتھ بڑھائیں تو خُدا جِس نے وہاں اَپنا نام قائِم کیا ہے اُنہیں غارت کرے۔ مَیں نے یعنی داریاویشؔ نے یہ فرمان جاری کیا ہے لہٰذا اِس کی فوراً تعمیل کی جائے۔