حزقی ایل37
سُوکھی ہڈّیوں کی وادی
1یَاہوِہ کا ہاتھ مُجھ پر تھا اَور وہ مُجھے یَاہوِہ کے رُوح کے ذریعہ سے اُٹھاکر باہر لایا اَور نیچے ایک وادی میں کھڑا کر دیا جو ہڈّیوں سے بھری ہُوئی تھی۔2اُس نے مُجھے اُن کے درمیان آگے پیچھے گھُمایا اَور مَیں نے اُس وادی کے فرش پر بہت ساری ہڈّیاں دیکھیں جو بالکُل سُوکھی ہُوئی تھیں۔3اُنہُوں نے مُجھ سے پُوچھا ”اَے آدمؔ زاد، کیا یہ ہڈّیاں زندہ ہو سکتی ہیں؟“مَیں نے کہا: ”اَے یَاہوِہ قادر یہ تو آپ ہی جانتے ہیں۔“4تَب اُس نے مُجھ سے فرمایا، ”اُن ہڈّیوں پر نبُوّت کر اَور اُن سے کہہ، ’اَے سُوکھی ہڈّیوں، یَاہوِہ کا کلام سُنو!5یَاہوِہ قادر اُن ہڈّیوں سے یُوں فرماتے ہیں: مَیں تمہارے اَندر رُوح ڈالوں گا اَور تُم زندہ ہو جاؤگی۔6مَیں تمہاری نسیں جوڑ دُوں گا اَور تُم پر گوشت چڑھاؤں گا اَور تُمہیں چمڑے سے ڈھانک دُوں گا؛ اَور تُم میں رُوح پھُونکوں گا اَور تُم زندہ ہو جاؤگی۔ تَب تُم جان لوگی کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “7چنانچہ مَیں نے حُکم کے مُطابق نبُوّت کی اَور مَیں نبُوّت کر ہی رہاتھا کہ ایک آواز سُنایٔی دی۔ وہ ایک کھڑکھڑاہٹ سِی تھی اَور اَچانک ہڈّیاں جمع ہوکر ایک دُوسری سے جڑ گئیں۔8اَور مَیں نے دیکھا کہ اُن پر نسیں اَور گوشت نموُدار ہُوا اَور چمڑی نے اُنہیں ڈھانک لیا۔ لیکن اُن میں جان نہیں آئی تھی۔9تَب اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا، ”رُوح سے نبُوّت کر۔ اَے آدمؔ زاد، نبُوّت کر اَور اُس سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے رُوح، تُو چاروں سمتوں سے آ جا اَور اُن مقتولوں پر پھُونک تاکہ وہ زندہ ہو جائیں۔‘ “10چنانچہ مَیں نے اُن کے حُکم کے مُطابق نبُوّت کی اَور رُوح اُن میں داخل ہو گئی؛ اَور وہ زندہ ہو گئے اَور اَپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے۔ یہ ایک لشکرِ جبّار تھا۔11تَب اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا: ”اَے آدمؔ زاد، یہ ہڈّیاں تمام بنی اِسرائیل ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’ہماری ہڈّیاں سُوکھ گئی ہیں اَور ہماری اُمّید جاتی رہی ہے اَور ہم الگ ہُوئے ہیں۔‘12اِس لیٔے تُو نبُوّت کر اَور اُن سے کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے میرے لوگو، مَیں تمہاری قبریں کھول کر تُمہیں اُن سے باہر نکال رہا ہُوں۔ میں تُمہیں اِسرائیل کے مُلک میں واپس لاؤں گا۔13جَب مَیں تمہاری قبریں کھول کر تُمہیں اُن میں سے باہر نکال لاؤں گا تَب تُم اَے میرے لوگو، جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔14میں اَپنی رُوح تُم میں ڈال دُوں گا اَور تُم جیوگے اَور مَیں تُمہیں تمہارے اَپنے مُلک میں بساؤں گا۔ تَب تُم جان لوگے کہ مُجھ یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے اَور مَیں اُسے عَمل میں بھی لایا ہُوں۔ یہ یَاہوِہ نے فرمایاہے۔‘ “