حزقی ایل3
1اَور اُنہُوں نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدَمزاد، تیرے سامنے جو کچھ ہے اُسے کھالے۔ اُس طُومار کو کھالے؛ تَب جا کر بنی اِسرائیل کو بتا۔“2چنانچہ مَیں نے اَپنا مُنہ کھولا اَور اُنہُوں نے مُجھے وہ طُومار کھانے کے لیٔے دیا۔3تَب اُنہُوں نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدَمزاد، یہ طُومار جو مَیں تُجھے دے رہا ہُوں اِسے کھالے اَور اُس سے اَپنا پیٹ بھر لے۔“ چنانچہ مَیں نے اُسے کھا لیا اَور وہ میرے مُنہ میں شہد کی مانند میٹھا لگا۔4پھر اُنہُوں نے مُجھ سے کہا: ”اَے آدمؔ زاد، اَب بنی اِسرائیل کے پاس جا اَور اُنہیں میرا کلام سُنا۔5کیونکہ تُو کسی انوکھی بولی یا مُشکل زبان بولنے والی قوم کی طرف نہیں بھیجا جا رہا بَلکہ بنی اِسرائیل ہی کی طرف بھیجا جا رہاہے6تُو مُختلف قوموں کی طرف نہیں بھیجا جا رہاہے جِن کی بولی انوکھی اَور زبان مُشکل ہے جسے تُو سمجھ نہیں سَکتا۔ اگر مَیں تُجھے اُن کے پاس بھیجتا تو یقیناً وہ تیری باتیں سُنتے۔7لیکن بنی اِسرائیل تیری نہ سُنیں گے کیونکہ وہ میری باتیں سُننا ہی نہیں چاہتے کیونکہ تمام بنی اِسرائیلی سخت دِل اَور ضِدّی ہو گئے ہیں۔8لیکن مَیں تُجھے اُن ہی کی طرح نہ جھُکنے والا اَور سخت مِزاج بنا دُوں گا۔9میں تیری پیشانی کو ہیرے سے بھی زِیادہ سخت کر دُوں گا جو چقماق سے بھی سخت تر ہوتاہے۔ لہٰذا تُو اُن سے ڈر مت اَور نہ گھبرا حالانکہ وہ ایک سرکش قوم ہے۔“10اَور اُنہُوں نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدَمزاد، غور سے سُن اَورجو کچھ مَیں تُجھ سے کہُوں اُسے دِل میں رکھ لے۔11اَب اَپنی قوم کے جَلاوطن لوگوں کے پاس جا اَور اُنہیں بتا۔ اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں،‘ خواہ وہ سُنیں یا نہ سُنیں۔“12تَب رُوح نے مُجھے اُٹھالیا اَور مَیں نے اَپنے پیچھے ایک نہایت گرج دار آواز سُنی کہ یَاہوِہ کے مَسکن میں اُن کے جلال کی تمجید ہو۔13یہ جانداروں کے پروں کے ایک دُوسرے سے ٹکرانے کی اَور اُن کے پاس کے پہیّوں کی آواز تھی جو نہایت زور کی گڑگڑاہٹ تھی۔14تَب رُوح مُجھے اُٹھاکر لے گئی اَور مَیں تلخ دِل اَور آگ بگُولہ ہوکر چلا گیا اَور یَاہوِہ کا مضبُوط ہاتھ مُجھ پر بھاری تھا۔15اَور مَیں اُن جَلاوطنوں کے پاس آیا جو کِبارؔ نہر کے کنارے تل ابیبؔ میں رہتے تھے اَور وہاں مَیں اُن کی رہائش گاہ میں سات دِن تک اُن کے درمیان پریشان بیٹھا رہا۔