خُروج25
مَسکن کے لئے نذرانے
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا:2”بنی اِسرائیل سے کہو کہ میرے لیٔے نذر لائیں۔ اَورجو اِنسان دِل کی خُوشی سے نذر لایٔے تو اُسے میرے لیٔے قبُول کر لینا۔3”اَورجو نذریں تُم اُن سے لوگے وہ یہ ہیں:”سونا، چاندی، کانسے؛4نیلا، اَرغوانی، سُرخ رنگ کا کپڑا، نفیس کتان؛ بکری کی پشم؛5اَور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اَور دریائی بچھڑوں کی کھالیں؛ اَور کیکر کی لکڑی؛6اَور چراغ کے لیٔے؛ زَیتُون کا تیل؛ مَسح کا تیل اَور خُوشبودار بخُور کے لیٔے مَسالے؛7افُود، سنگِ سُلیمانی اَور سینہ بند میں جڑنے کے لیٔے نگینے اَور دیگر جواہرات۔8”اَور پھر وہ میرے لیٔے ایک پاک مَقدِس بنائیں اَور مَیں اُن کے درمیان سکونت کروں گا۔9اَور اُس مَسکن اَور اُس کے سارے سامان کا جو نمونہ میں تُمہیں دِکھاؤں ٹھیک اُسی کے مُطابق اُسے بنانا۔