دانی ایل9
دانی ایل کی دعا
1داریاویشؔ بِن احسویروسؔ جو مادیوںؔ کی نَسل سے تھا اَور کَسدیوں کے مُلک پر بادشاہ مُقرّر ہُوا تھا، اُس کی سلطنت کے پہلے سال میں،2داریاویشؔ کی سلطنت کے پہلے سال میں، مُجھ دانی ایل نے نوشتوں سے یہ جان لیا تھا کہ یَاہوِہ نے یرمیاہؔ نبی پر نازل کئے ہُوئے کلام کے مُطابق یروشلیمؔ کی ویرانی ستّر سال تک قائِم رہے گی۔3چنانچہ میں خُداوؔند خُدا کی طرف رُجُوع ہُوا اَور مَیں نے دعا اَور مناجات سے روزہ رکھ کر ٹاٹ اوڑھ کر اَور راکھ پر بیٹھ کر اُس سے استدعا کی۔4مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے دعا کی اَور اقرار کیا:”اَے خُداوؔند، عظیم و مُہیب خُدا، جو لوگ آپ سے مَحَبّت رکھتے اَور آپ کے فرمانبردار بندے ہیں، آپ اُن کے ساتھ اَپنا مَحَبّت کا عہد قائِم رکھتے ہیں۔5ہم نے گُناہ کیا اَور غلط کام کئے۔ ہم نے بدکاری اَور بغاوت کی ہے۔ ہم نے آپ کے آئین اَور اَحکام سے مُنہ موڑ لیا ہے۔6ہم نے آپ کے خادِموں نبیوں کی بات نہ سُنی جنہوں نے آپ کے نام سے ہمارے بادشاہوں، ہمارے شہزادے، ہمارے آباؤاَجداد اَور مُلک کے تمام لوگوں سے کلام کیا تھا۔7”اَے خُداوؔند آپ صادق ہے لیکن آج کے دِن ہم پشیمان ہیں۔ یعنی بنی یہُوداہؔ، یروشلیمؔ کے باشِندے اَور سبھی اِسرائیلی جو نزدیک ہیں اَور دُور ہیں، ہماری بےوفائی کے باعث آپ نے ہمیں اُن تمام ممالک میں مُنتشر کر دیا ہے۔8اَے یَاہوِہ، ہم اَور ہمارے بادشاہ، ہمارے شہزادے اَور ہمارے آباؤاَجداد کافی شرمسار ہیں کیونکہ ہم نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے۔9خُداوؔند، ہمارا خُدا رحیم و غفور ہے حالانکہ ہم نے اُن کے خِلاف بغاوت کی ہے۔10ہم نے یَاہوِہ ہمارے خُدا کے اَحکام کو نہ مانا، اَور نہ ہی اُن قوانین پر عَمل کیا جنہیں اُس نے ہمیں اَپنے خادِم نبیوں کی مَعرفت عطا فرمائی تھی۔11سارے بنی اِسرائیل آپ کی شَریعت سے منحرف ہو گئے اَور آپ کی اِطاعت سے مُنہ موڑ لیا۔
”چنانچہ لعنتیں اَور خُداوؔند کے خادِم مَوشہ کے آئین میں قَسم کھا کے درج کی ہُوئی آفتیں ہم پر نازل کر دی گئیں کیونکہ ہم نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا۔12چنانچہ جو کچھ ہمارے خِلاف اَور ہمارے حاکموں کے خِلاف کہا گیا تھا اُسے آپ نے ہم پر بڑی آفت بھیج کر پُورا کر دیا کیونکہ جَیسا یروشلیمؔ کے ساتھ کیا گیا وَیسا اَب تک سارے آسمان کے نیچے کہیں بھی نہیں کیا گیا ہے۔13جَیسا کہ مَوشہ کی آئین میں مرقوم ہے، یہ ساری آفت ہم پر آ پڑی۔ پھر بھی ہم نے نہ تو یَاہوِہ ہمارے خُدا کا فضل حاصل کرنے کی کوشش کی اَور نہ ہی اَپنے گُناہوں کو ترک کرکے آپ کی سچّائی پر غور کیا۔14یَاہوِہ نے ہم پر یہ آفت نازل کرنے میں پس و پیش نہ کی کیونکہ یَاہوِہ ہمارا خُدا جو کچھ کرتا ہے وہ راستبازی سے ہی کرتا ہے۔ پھر بھی ہم نے اُس کی اِطاعت نہ کی۔15”اَب اَے خُداوؔند ہمارے خُدا جِس نے اَپنے لوگوں کو اَپنے قوی ہاتھ کی قُوّت سے مِصر سے باہر نکال لایا اَور اَپنا اَیسا بڑا نام کمایا جو آج تک مشہُور ہے۔ لیکن ہم نے گُناہ کیا اَور ہم خطاکار ہیں۔16اَے خُداوؔند اَپنے راستبازی کے تمام کاموں کے مُطابق، اَپنے شہر اَور اَپنے مُقدّس پہاڑ یروشلیمؔ پر سے اَپنا غُصّہ اَور اَپنا قہر ہٹا لے۔ ہمارے گُناہ اَور ہمارے آباؤاَجداد کی بداعمالیوں کے باعث یروشلیمؔ اَور آپ کے لوگوں کی ہمارے اِردگرد کے لوگوں سے تحقیر ہو رہی ہے۔17”اَب اَے خُدا اَپنے خادِم کی دعائیں اَور اِلتجا قبُول فرما۔ اَے خُداوؔند اَپنی ہی خاطِر اَپنے ویران پاک مَقدِس پر نظرِ عنایت فرما۔18اَے ہمارے خُدا کان لگا کر سُنیں، اَور اَپنی آنکھیں کھول کر اُس شہر کی ویرانی کو دیکھیں جو آپ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ہم آپ سے اِس لیٔے اِلتجا نہیں کر رہے ہیں کہ ہم راستباز ہیں بَلکہ اِس لیٔے کہ آپ نہایت رحیم ہیں۔19اَے خُداوؔند سُنیں، اَے خُداوؔند مُعاف کر دیں، اَے خُداوؔند غور سے سُنیں اَور کچھ کریں؛ اَے میرے خُدا، اَپنی خاطِر اَب اَور تاخیر نہ کریں، کیونکہ آپ کا شہر اَور آپ کے لوگ آپ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔“