اعمال19
اِفِسُسؔ میں پَولُسؔ کی گواہی
1جَب اپُلّوسؔ کُرِنتھُسؔ میں تھے تو پَولُسؔ علاقہ کی اَندرونی شاہراہ سے گُزرتے ہُوئے اِفِسُسؔ پہُنچے۔ وہاں سے کیٔی شاگرد ملے۔2پَولُسؔ نے اُن سے پُوچھا، ”کیا تُم نے ایمان لاتے وقت پاک رُوح پایاتھا؟“اُنہُوں نے جَواب دیا، ”نہیں، ہم نے تو سُنا بھی نہیں کہ پاک رُوح کیا چیز ہے۔“3اِس پر پَولُسؔ نے کہا، ”پھر تُم نے کِس کا پاک غُسل لیا؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”حضرت یُوحنّا کا۔“4پَولُسؔ نے کہا، ”حضرت یُوحنّا نے تو تَوبہ کا پاک غُسل دیا اَور کہا کہ وہ جو میرے بعد آنے والا ہے، تُم اُس پر ایمان لاؤ یعنی یِسوعؔ المسیح پر۔“5یہ سُن کر اُنہُوں نے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام پر پاک غُسل لیا۔6جَب پَولُسؔ نے اُن کے اُوپر ہاتھ رکھے تو پاک رُوح اُن پر نازل ہُوا اَور وہ طرح طرح کی زبانیں بولنے اَور نبُوّت کرنے لگے۔7وہ سَب کویٔی بَارہ آدمی تھے۔8پھر پَولُسؔ نے یہُودی عبادت گاہ میں جانا شروع کیا اَور تقریباً تین ماہ تک دِلیری کے ساتھ خُدا کی بادشاہی کے بارے میں دلائل دے، دے کر لوگوں کو قائل کرتے رہے۔9لیکن اُن میں سے بعض سخت دِل ہو گئے اَور اُنہُوں نے ایمان لانے سے اِنکار کر دیا اَور مسیحی عقیدہ کو سرِ عام بُرا بھلا کہنے لگے۔ لہٰذا پَولُسؔ نے اُن سے کنارہ کرکے مسیحی شاگردوں کو الگ کر لیا اَور تِرنُّسؔ کے مدرسہ میں جانا شروع کر دیا جہاں وہ ہر روز بحث مُباحثہ کیا کرتے تھے۔10یہ سلسلہ دو بَرس تک چلتا رہا، یہاں تک کہ آسیہؔ کے صُوبہ میں رہنے والے تمام یہُودیوں اَور غَیریہُودیوں کو خُداوؔند کا کلام سُننے کا موقع مِلا۔11اَور خُدا پَولُسؔ کے ذریعہ بڑے بڑے معجزے دِکھانے تھے۔12یہاں تک کہ جَب اَیسے رُومال اَور پٹکے بھی جنہیں پَولُسؔ ہاتھ لگاتے تھے، بیماریوں پر ڈالے جاتے تھے تو وہ اَپنی بیماریوں سے شفا پاتے تھے اَور اگر اُن میں بدرُوحیں ہوتی تھیں تو وہ بھی نکل جاتی تھیں۔13بعض یہُودی عامِل بھی اِدھر اُدھر جا کر خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام سے جھاڑ پھُونک کرنے لگے۔ وہ بدرُوحوں کو نکالنے کے لیٔے یہ کہتے تھے، ”جِس یِسوعؔ المسیح کی پَولُسؔ مُنادی کرتا ہے، میں اُسی کے نام کی قَسم دے کر تُجھے نکل جانے کا حُکم دیتا ہُوں۔“14یہُودی اہم کاہِنوں سِکِوؔا کے سات بیٹے بھی یہی کام کرتے تھے۔15لیکن ایک دِن بدرُوح نے اُن سے کہا، ”میں یِسوعؔ المسیح کو تو جانتی ہُوں اَور پَولُسؔ سے بھی واقف ہُوں لیکن تُم کون ہو؟“16تَب جِس آدمی میں بدرُوح تھی، وہ اُن پر چھلانگ لگا کر اُن سَب پر غالب آ گیا۔ اُس نے اُنہیں اِس قدر پِیٹا کہ وہ لہُولُہان ہو گئے اَور وہاں سے ننگے ہی بھاگ نکلے۔17جَب اِفِسُسؔ کے یہُودیوں اَور یُونانیوں کو اِس بات کا علم ہُوا تو اُن پر خوف چھا گیا اَور خُداوؔند یِسوعؔ کا نام سربُلند ہُوا۔18کیٔی لوگوں نے جو ایمان لایٔے تھے، آکر اَپنے بُرے کاموں کا برملا اِظہار اَور اقرار کیا۔19کیٔی جو جادُوگری کرتے تھے، اَپنے طُوماروں کو جمع کرکے لایٔے اَور اُنہیں سرِ عام جَلا دیا۔ جَب اُن طُوماروں کی جلدوں کی قیمت کا اَندازہ لگایا گیا تو وہ پچاس ہزار دِرہم کی نکلیں۔20اِس طرح خُداوؔند کا کلام بڑی مضبُوطی کے ساتھ جڑ پکڑتا اَور پھیلتاگیا۔21اِن باتوں کے بعد پَولُسؔ نے پکّا اِرادہ کر لیا، میں مَکِدُنیہؔ اَور صُوبہ اَخیہؔ کے علاقہ سے ہوتا ہُوا یروشلیمؔ چلا جاؤں گا۔ اَور پھر وہاں سے، ”میں رُوم شہر کو بھی دیکھ لُوں گا۔“22پَولُسؔ نے اَپنے ساتھیوں میں سے تِیمُتھِیُس اَور اِراستُسؔ دو آدمیوں کو صُوبہ مَکِدُنیہؔ روانہ کیا اَور خُود بھی کچھ دیر آسیہؔ کے صُوبہ میں ٹھہرے رہے۔