2 تِیمُتھِیُس3
1لیکن یہ بات جان لے کہ آخِری زمانہ میں ہَولناک دِن آئیں گے۔2لوگ خُود غرض، زَر دوست، شیخی باز، مغروُر، بدگو، ماں باپ کے نافرمان، ناشُکرے، ناپاک،3مَحَبّت سے خالی، مُعاف نہ کرنے والے، تہمت لگانے والے، بے ضَبط، وحشی، نیکی کے دُشمن،4غدّار، بے حیا، مغروُر، خُدا کی نِسبت عیش و عشرت کو زِیادہ پسند کرنے والے ہوں گے۔5وہ بظاہر خُداپرست زندگی تو گُزاریں گے لیکن حقیقی خُداپرست زندگی کی قُوّت کا اِنکار کریں گے۔ اَیسے اِنسانوں سے کنارہ کرنا۔6اِن ہی میں سے بعض اَیسے بھی ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گھُس آتے ہیں اَور احمق اَور چھچھوری عورتوں کو اَپنے قبضہ میں کرلیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہوتی ہیں اَور ہر طرح کی بُری خواہشوں کا شِکار بنی رہتی ہیں۔7یہ عورتیں ہر وقت تعلیم تو پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پہُنچ سکتیں۔8جِس طرح یَنیّسؔ اَور یمبریسؔ نے حضرت مَوشہ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ اِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اَور یہ ایمان کے اِعتبار سے نامقبُول ہیں۔9لیکن یہ سَب زِیادہ وقت تک نہیں چلے گا، کیونکہ اِن کی حماقت سَب آدمیوں پر ظاہر ہو جائے گی۔