1 کُرِنتھِیوں9
رسولوں کے حُقُوق اَور فرائض
1کیا میں آزاد نہیں؟ کیا میں رسول نہیں؟ کیا مَیں نے یِسوعؔ کو نہیں دیکھا جو ہمارے خُداوؔند ہیں؟ کیا تُم خُداوؔند کے لیٔے میری خدمت کا پھل نہیں ہو؟2اگر مَیں دُوسروں کی نظر میں رسول نہیں، تو کم اَز کم! تمہاری نظر میں تو ہُوں کیونکہ تُم خُود خُداوؔند میں میری رِسالت پر مُہر ہو۔3جو مُجھ سے بازپُرس کرتے ہیں اُن کے لیٔے میرا جَواب یہ ہے۔4کیا ہمیں یہ حق حاصل نہیں کہ ہم بھی کھا پی سکیں؟5کیا ہمیں یہ اِختیار نہیں کہ کسی مسیحی بہن کو بیاہ کر اُسے اَپنی ہم سفر بنائے رکھیں جَیسا کہ دیگر رسول اَور خُداوؔند کے بھایٔی اَور کیفؔا کرتے ہیں؟6کیا صِرف مُجھے اَور بَرنباسؔ کو ہی محنت مشقّت سے بعض رہنے کا اِختیار نہیں ہے؟7کون سا سپاہی اَپنی گِرہ سے کھا کر جنگ کرتا ہے؟ کون ہے جو انگور کا باغ لگا کر انگور نہیں کھاتا؟ یا کون سا چرواہا ہے جو اَپنے گلّہ کا دُودھ نہیں پیتا؟8کیا میں یہ باتیں اِنسانی حیثیت سے کہتا ہُوں؟ کیا شَریعت بھی یہی نہیں کہتی؟9کیونکہ حضرت مَوشہ کی شَریعت میں لِکھّا ہے: ”گاہتے وقت بَیل کا مُنہ نہ باندھنا۔“ کیا خُدا کو بَیلوں ہی کی پروا ہے؟10کیا وہ خاص طور پر یہ ہمارے لیٔے نہیں کہتا؟ ہاں، یہ ہمارے لیٔے لِکھّا گیا کیونکہ جوتنے والا اِس اُمّید پر جوتتا ہے اَور گاہنے والا اِس اُمّید پر گاہتا ہے کہ اُنہیں فصل کا کچھ حِصّہ ضروُر ملے گا۔11اگر ہم نے تمہارے فائدہ کے لیٔے رُوحانی بیج بویا تو کیا یہ کویٔی بڑی بات ہے کہ ہم تمہاری جِسمانی چیزوں کی فصل کاٹیں؟12جَب اَوروں کو یہ حق حاصل ہے کہ تُم سے کچھ حاصل کریں، تو کیا ہمارا حق اُن سے زِیادہ نہ ہوگا؟لیکن ہم نے اِس حق سے فائدہ نہ اُٹھایا بَلکہ سَب کچھ برداشت کرتے رہے تاکہ ہماری وجہ سے المسیح کی خُوشخبری کی تبلیغ میں رُکاوٹ پیدا نہ ہو۔13کیا تُم نہیں جانتے کہ جو بیت المُقدّس میں خدمت کرتے ہیں، وہ وہیں سے کھاتے ہیں؟ اَورجو قُربان گاہ پر قُربانیاں چڑھانے کی خدمت کرتے ہیں وہ اُن قُربانیوں کا کچھ حِصّہ لیتے ہیں؟14اِسی طرح خُداوؔند نے بھی مُقرّر کیا ہے کہ جو انجیل کی مُنادی کرتے ہیں وہ انجیل ہی کے وسیلہ سے گزارہ کریں۔15اِس کے باوُجُود مَیں نے اِن میں سے کسی بھی حق کا کبھی فائدہ نہیں اُٹھایا اَور نہ ہی اِس خیال سے لِکھ رہا ہُوں کہ اَب فائدہ اُٹھاؤں، میں مَرجانا بہتر سمجھتا ہُوں بجائے اِس کے کسی کا اِحسَان لے کر اَپنا فخر کھو دُوں۔16اگر مَیں انجیل کی مُنادی کرتا ہُوں، تو اِس لیٔے نہیں کہ شیخی بگھارُوں، کیونکہ یہ تو میرا فرض ہے۔ بَلکہ مُجھ پر افسوس! اگر مَیں انجیل کی مُنادی نہ کروں۔17اگر مَیں اَپنی مرضی سے مُنادی کرتا ہُوں، تو اجر پانے کی اُمّید بھی رکھتا ہُوں؛ لیکن اگر اَپنی مرضی سے نہیں، تو یُوں سمجھ لو کہ خُدا نے مُجھے انجیل سُنانے کا اِختیار بخشا ہُواہے۔18اِس صورت میں میرا اجر کیا ہے؟ محض یہ کہ انجیل کی مُنادی بالکُل مُفت کرکے فخر کر سکوں اَور اُس حق کا فائدہ نہ اُٹھاؤں جو انجیل نے مُجھے دے رکھا ہے۔